خاتون تحصیلدار کو زندہ جلادیا گیا ‘ عبداللہ پور میٹ میں لرزہ خیز واقعہ

,

   

حملہ آور بھی 50 تا 60 فیصد جھلس گیا ۔ تحصیلدار کو بچانے کی کوشش کرنے والے دو ملازمین بھی زخمی ۔ سبیتا ریڈی کا دورہ

حیدرآباد ۔ 4 نومبر ( سیاست نیوز) ایک انتہائی لرزہ خیز واقعہ میں ایک خاتون تحصیلدار کو ایک شخص نے ان کے دفتر میں زندہ جلادیا ۔ یہ دل کو دہلادینے والا واقعہ عبداللہ پور میٹ میں دن دہاڑے پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کا کسی اراضی تنازعہ سے تعلق رہے ۔ پولیس و ریوینیو عہدیداروں نے بتایا کہ تقریبا 35 سالہ تحصیلدار وجیہ ریڈی برسر موقع ہلاک ہوگئیں جبکہ دو ملازمین جن میں ایک اٹینڈنٹ اور ایک ڈرائیور شامل ہے وہ بھی وجیہ ریڈی کو بچانے کی کوشش میں جھلس گئے ۔ رچہ کونڈہ کمشنر پولیس مہیش بھاگوت نے کہا کہ حملہ آور کو بھی اس حملے کے دوران جھلس جانے کی وجہ سے زخم آئے ہیں۔ اس واقعہ نے ساری ریاست میں سنسنی پھیلادی ہے اور حیرت و رنج کا اظہار کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملزم آج دو بجے دن کے قریب تحصیلدار دفتر پہونچا ۔ جب اسے پتہ چلا کہ تحصیلدار لنچ کر رہی ہیں تو وہ سیدھے ان کے چیمبر میں گیا ۔ اندر سے دروازہ لگادیا اور اچانک ہی چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں۔ چند سکنڈز ہی میں حملہ آور خود جلتے ہوئے کپڑوں کے ساتھ تحصیلدار کے چیمبر سے باہر نکلا اور اپنا شرٹ اتار کر بھاگنے کی کوشش کرنے لگا تاہم کچھ دور جاکر وہ بھی گرپڑا ۔ اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور تشویشناک حالت میں دواخانہ میں علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے ۔ حملہ آور کی کے سریش کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جو ایک بائیک پر یہاں پہونچا تھا ۔ اس نے چیمبر میں تحصیلدار پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کا کوئی اراضی تنازعہ چل رہا تھا اور اس نے اس سلسلہ میں تحصیلدار سے نمائندگی کی تھی ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ نے بتایا کہ سریش کے چیمبر میں گھسنے کے کچھ ہی دیر بعد اندر سے چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں۔ اس پر وجیہ ریڈی کے اٹینڈر اور ڈرائیور نے وہاں پہونچنے کی کوشش کی تاہم وہ خود آگ میں گھری ہوئی چیمبر کے باہر آئیں اور گر پڑیں۔ ڈرائیور نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا اور وجیہ ریڈی برسر موقع ہلاک ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اٹینڈر اور ڈرائیور کو بھی زخم آئے ہیں اور انہیں بھی ایک دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے جو کسی سرکاری دفتر میں پیش آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور وہ بھی 50 تا 60 فیصد جھلس گیا ہے ۔ اس لرزہ خیز واقعہ سے تحصیلدار دفتر میں افرا تفری مچ گئی ‘ وہاں لوگ جمع ہوگئے اور محکمہ مال کے ملازمین نے حیرت و صدمہ کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے وہاں احتجاج کیا اور خاطی کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا کہ خاطی کو سخت سزا دلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی مہذب سماج میں ایسا واقعہ بالکل ناقابل قبول ہے ۔ ہم خاطی کو سخت سزائیں دلائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ متوفی وجیہ ریڈی کے افراد خاندان کو انصاف دلایا جائیگا ۔ وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی اور سینئر پولیس عہدیداروں نے مقام واقعہ کا دورہ کیا ۔ وزیر سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ اس حملہ کے مقاصد کا علم نہیں ہوسکا ہے ۔