اسلام آباد: خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے معاملے میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت سیول جج رانا مجاہد رحیم نے کی جہاں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے ۔سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان آج عدالتی اوقات میں نہ آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردوں گا۔ عدالت نے 12:30 بجے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔ عمران خان کو معاملے کی کاپیاں دینے کیلئے عدالت نے آج طلب کیا تھا ۔ اُن کیخلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے ۔وقفے کے بعد سماعت کے آغاز پر عدالت نے پراسکیوٹر سے مکالمہ کیا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کر رہا ہوں۔ عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ میری فائل ابھی کلرک لا رہا ہے ، پانچ منٹ تک وقفہ کریں۔ عمران خان کے وکلا کی جانب سے برأت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف پیش کیاگیا کہ برأت کی درخواست پر ملزم کا ہونا لازمی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ آج فرد جرم عائد کرنے کیلئے نہیں طلب کیا گیا تھا آج کیس کی کاپیاں فراہم کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔