خاتون جج کی تصاویرکے ساتھ چھیڑ چھاڑ اوربلیک میل

   

جئے پور: راجستھان کے دارالحکومت جئے پور میں ایک شخص نے خاتون جج کو ایڈیٹ شدہ تصاویر بھیج کر دھمکی دی اور 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ یہ معلومات جئے پور پولیس نے دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر ایک خاتون جج کو فوٹو شاپ کی تصاویر کے ساتھ بلیک میل کیا اور انہیں عام کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔جئے پور پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور اسے پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق اس نے جج کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈاؤن لوڈ کی تھیں۔ خاتون جج نے معاملے کی ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ جج نے شکایت کی کہ 7 فروری کو اس کا اسٹینو گرافر ایک پارسل لے کر آیا جو ایک شخص نے دیا تھا جس نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اس کے بچوں کے اسکول کا ہے۔ اسٹینو گرافر نے اس کا نام پوچھا تو وہ چلا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پارسل میں کچھ مٹھائیاں تھیں، جج کی فحش تصاویر اور ایک خط تھا جس میں بلیک میلر نے دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے 20 لاکھ روپے ادا نہ کیے تو وہ ان تصاویر کو عام کر دے گا۔20 دن بعد اسی طرح کی اشیاء پر مشتمل ایک اور پارسل جج کی رہائش گاہ پر بھیجا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ عدالت سے لی گئی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں ایک 20 سالہ شخص کو پارسل جج کے چیمبر میں پہنچاتے ہوئے دیکھا گیا اوراسی بنا پراس کی شناخت کرلی گئی۔