کرناٹک کی طرز پر وعدے، بس میں مفت سفر اور پکوان گیس سلینڈر کی 500 روپئے میں سربراہی
حیدرآباد ۔14۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں خاتون رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے کرناٹک کی طرزپر کئی مراعات کے اعلان کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرناٹک میں کانگریس نے سماج کے مختلف طبقات کیلئے جو وعدے کئے تھے ، اس کا اثر رائے دہی پر دیکھنے کو ملا اور تشکیل حکومت کے بعد کانگریس نے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا۔ کانگریس کی حکمت عملی تیار کرنے والی ٹیم نے ہائی کمان کو مشورہ دیا کہ خواتین پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ تلنگانہ کی روایت رہی ہے کہ کسی بھی پارٹی کو خواتین کی تائید کے بغیر اقتدار ممکن نہیں ہے ۔ رائے دہی کا فیصد مردوں سے زیادہ خواتین کا ہوتا ہے ، لہذا کانگریس کو خواتین کے ووٹ حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہئے ۔ ہائی کمان نے خواتین کیلئے ڈکلیریشن کی ذمہ داری جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں خواتین کیلئے ڈکلیریشن عنقریب جاری کیا جائے گا۔ گزشتہ دو انتخابات میں تلنگانہ میں خاتون رائے دہندوں نے بی آر ایس کی تائید کی تھی۔ خواتین کیلئے بی آر ایس نے کئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے اور موجودہ اسکیمات کے علاوہ الیکشن سے قبل مزید اعلانات کی توقع ہے۔ کانگریس پارٹی نے کرناٹک کی طرح آر ٹی سی بسوں میں خواتین کیلئے مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ غریب خواتین کو پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں فراہم کیا جائے گا ۔ نامزد عہدوں پر تقررات کے معاملہ میں خواتین کو تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ویمنس ڈکلیریشن میں شامل کئے جانے والے وعدوں پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے اور پرینکا گاندھی ڈکلیریشن کو منظوری دیں گی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پہلے ہی اعلان کردیا کہ کرناٹک اور راجستھان کی طرح تلنگانہ میں خواتین کیلئے مراعات دی جائیں گی۔ پارٹی نے ماہانہ 4000 روپئے پنشن کا وعدہ کرتے ہوئے خواتین کو کانگریس کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے۔ بی آر ایس حکومت کی جانب سے ماہانہ 2000 روپئے وظیفہ دیا جارہا ہے جبکہ معذورین کے وظیفہ میں اضافہ کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی ضعیف العمر مرد و خواتین ، بیواؤں ، بے سہارا خواتین اور معذورین کو 4000 روپئے وظیفہ جاری کرے گی ۔ خواتین کی تائید حاصل کرنے کے معاملہ میں بی آر ایس اور کانگریس میں مسابقت کا امکان ہے۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل کے سی آر خواتین کیلئے بعض نئے اعلانات کرسکتے ہیں۔ کانگریس نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے 4000 روپئے الاؤنس ، اقتدار کے پہلے سال ایک لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات اور نوجوانوں کو 10 لاکھ روپئے تک بلا سودی قرض کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ لڑکیوں کو جن کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے، الیکٹرک اسکوٹر فراہم کی جائے گی تاکہ وہ تعلیمی اداروں کو بحفاظت پہنچ سکیں۔ پارٹی نے کسانوں کے لئے دو لاکھ روپئے تک قرض کی معافی ، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے کا مفت علاج اور غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ر