ملک کا نام دنیا میں روشن کرنے والی بیٹیوں کی آواز سننے مرکز سے مطالبہ
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے ملک کا سر فخر سے بلند کرنے والی بیٹیوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کرتے ہوئے جنسی ہراسانی کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کو بچانے کی کوشش کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ملک کے صدر مقام دہلی میں خاتون ریسلرس مختلف طریقوں سے احتجاج کرتے ہوئے اپنے مسائل کو حکومت کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مگر مرکزی حکومت ان کے مسائل کو نظرانداز کررہی ہے۔ کم از کم مرکزی حکومت ابھی تو نیند سے بیدار ہوکر خاتون ریسلرس کی جانب سے اُٹھائے گئے سوالات پر توجہ دیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔ کویتا نے کہا کہ خاتون ریسلرس نے محنت اور لگن سے اپنے کھیل کے ذریعہ عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔ ایسے کھلاڑیوں کا احترام کرنے کے بجائے پولیس کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی صرف ’’بیٹی پڑھاؤ اور بیٹی بچاؤ‘‘ کا نعرہ دیتی ہے جو اس وقت کھوکھلا ثابت ہو رہا ہے۔ نہ بیٹیوں کی تعلیم پر توجہ دی جارہی ہے اور ناہی بیٹیوں کو بچایا جارہا ہے۔ ملزم کے خلاف پوکسو جیسے سنگین الزامات عائد ہونے کے باوجود وہ آزادانہ طور پر گھوم پھر رہا ہے۔ انہوں نے ملک کیلئے گولڈ میڈلس حاصل کرنے والی خاتون ریسلرس کی توہین کو مزید ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔ کویتا نے کہا کہ خاتون ریسلرس کا احتجاج عالمی سطح پر موضوع بحث بن چکا ہے۔ ملک کے عوام اس پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کررہے ہیں۔ کویتا نے برج بھوشن کیخلاف فوری سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ن