خاتون ریسلرس کو ہراساں کرنے والے برج بھوشن کو مرکزی حکومت بچا رہی ہے

   

متاثرہ و ریسلرس کی حمایت و تائید میں سی پی آئی ایم کا احتجاج، سرینواس اور ناگا لکشمی کا خطاب
حیدرآباد یکم / جون ( سیاست نیوز ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ایم ) نے خاتون ریسلرس کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے آج شہر میں زبردست احتجاج منظم کیا ۔ خاتون ریسلرس کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے گولکنڈہ چوراہے تا آر ٹی سی چوراہے تک احتجاج ریالی منظم کی ۔ سی پی ایم ریاستی سکریٹریٹ رکن ناگا لکشمی کی قیادت منعقدہ اس احتجاج میں سی پی ایم کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر سی پی ایم سکریٹریٹ رکن ایم سرینواس اور ناگا لکشمی نے مرکزی بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ مرکزی حکومت رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کو بچانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ مرکزی حکومت کے رویہ پر اپنا سخت احتجاج درج کریں۔ جن خاتون ریسلرس نے میڈلس حاصل کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے انہیں رسواء کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بیٹی کی عزت اور بیٹی بچاؤ کا نعرہ دینے والی بی جے پی حکومت نے ملک کی بیٹیوں کو سرعام رسواء کرنے کے اقدامات کئے ہیں اور انصاف کیلئے جاری ان کی جدوجہد کو طاقت کے بل پر روکنے کی مذموم کوشش کرتے ہوئے جمہوری حق کو ختم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 40 دن سے دہلی میں جاری خاتون ریسلرس کے احتجاج اور انصاف کے مطالبہ کو سی پی ایم کی بھرپور تائید حاصل رہے گی اور انصاف کے حصول تک احتجاج کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی نرسمہا ریڈی ، مہیندر کے این راجنا ،بی نریش ، ایم وینکٹیش ، بی کرن ، اجے بابو ، اشوک و دیگر موجود تھے ۔ ع