خاتون ریسلرس کی تائید میں بائیں بازو کسان تنظیموں اور جہد کاروں کا دھرنا

   

حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) نئی دہلی میں احتجاج کرنے والی خاتون ریسلرس کی تائید میں حیدرآباد میں متحدہ کسان مورچہ کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا۔ بائیں بازو جماعتوں کی کسان تنظیموں نے ریاست بھر میں ضلع اور منڈل سطح پر دھرنا منظم کرتے ہوئے خاتون ریسلرس سے ہراسانی کے ذمہ دار بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ کسان تنظیموں کے احتجاج کی قیادت خاتون جہد کاروں نے کی جن کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے ایوارڈس حاصل کرنے والی ریسلرس کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ احتجاجیوں نے برج بھوشن کے علامتی پتلے نذر آتش کئے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ ناقابل برداشت ہے۔ مرکزی حکومت اپنے رکن پارلیمنٹ کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ احتجاجیوں نے ملک بھر میں جاری احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تنظیموں اور جہد کاروں کو شامل ہونا چاہئے۔ کسان تنظیموں کے قائدین پی پدما شوبھن ، ڈی وینکیا ، ایس ایل پدما ، این وینکٹ ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ر