خاتون ریسلرس کے احتجاج اور مطالبات کو مہیلا کانگریس کی تائید

   

بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کا مطالبہ ، سنیتا راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس نے خاتون ریسلرس کے احتجاج اور ان کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے ریسلنگ فاؤنڈیشن کے صدر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت برج بھوشن کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ خاتون ریسلرس نے ان پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں اور خواتین کی تنظیموں کی جانب سے خاتون ریسلرس کے احتجاج کی تائید کی جارہی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے ابتداء سے ہی ریسلرس کے مطالبات کی تائید کی اور ان کے ساتھ پولیس کے رویہ کی مذمت کی۔ گزشتہ چار ماہ سے ملک کیلئے میڈلس حاصل کرنے والے ریسلرس نئی دہلی میں احتجاج کر رہے ہیں۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عوامی دباؤ کے تحت ایف آئی آر درج کیا لیکن رکن پارلیمنٹ کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگایا جاتا ہے لیکن ملک میں خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کے عوامی نمائندے کئی مقامات پر جرائم میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ریسلرس کو انصاف دلانے کے مطالبہ پر مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے راہِ فرار اختیار کی ۔ ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے 176 ممالک نے ہندوستان پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ ملک کے لئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کی توہین کی جارہی ہے ۔ پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے والی ریسلرس کو پولیس نے مار پیٹ کرتے ہوئے ان کی توہین کی۔ر