نوی پیٹ کے قریب بس میں بھاری رقم چھین لینے کی کوشش ، مسافرین نے ناکام بنادیا
بودھن یکم / اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی بودھن کے منڈل نوی پیٹ کے بس اسٹانڈ کے قریب 10 رکنی خاتون سارقین کی سرگرم ٹولی میں سے آٹھ کو مسافرین کی مستعدی کے باعث پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ ان میں سے دو سارقین 38 ہزار روپئے لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں ۔ تفصیلات کے مطابق ناگامنی نامی خاتون دو لاکھ اسی ہزار روپئے رقم کے ساتھ بس میں سوار ہونے کے دوران اس کے ساتھ پانچ مشتبہ خواتین ناگامنی کو دھکا دیکر بس میں سوار ہونے کی کوشش کی ۔ ان میں سے ایک عورت نے ناگامنی کے گلے میں موجود طلائی چین چھینے کی کوشش کی جس کو ناگامنی نے ناکام بنادیا ۔ بس میں افراتفری کے دوران ٹولی میں شامل ایک عورت نے ناگامنی کے پیسوں کا بیاگ لیکر فرار ہونے کی کوشش کی تمام پانچ مشتبہ خواتین کو بس مسافرین نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس واقعہ کے صرف آدھا گھنٹے بعد اسی بس اسٹانڈ پر نارائن نامی منشی کا پیسوں سے بھرا بیاگ لیکر دو خواتین آٹو رکشا میں فرار ہوگئیں ۔ نارائن نے تھوڑی دور تک آٹو رکشا کے پیچھے بھاگا نارائن کے مطابق آٹو میں سے کسی طرح دس ہزار روپئے کا ایک بنڈلہ نیچے گر گیا جو ایک راہگیر کو ملا جس نے آٹو کے پیچھے نارائن کو دوڑتا ہوئے دیکھ کر نارائن کو یہ رقم حوالے کی ۔ نارائن کے مطابق اس کے بیاگ میں جملہ 48 ہزار روپئے موجود تھے دو مفرور سارقین کے ساتھ موجود تین مشتبہ عورتوں کو بس اسٹانڈ پر سے پولیس نے حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن پہونچا دیا گیا ۔ سب انسپکٹر نوی پیٹ وینکٹکشور کے مطابق مذکورہ خواتین کی ٹولی گلی کوچوں میں گھوم پھر کر خواتین کے سنگھار سامان فروخت کرنے کے بہانے اپنے شکار کا انتخاب کرتی ہیں ۔ ایس آئی کے مطابق اس مشتبہ سارقین کا تعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے ہوسکتا ہے ۔ منشی نارائن کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔