خاتون فاریسٹ آفیسر پر حملہ ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے بھائی گرفتار

,

   

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کاغذ نگر اور انسپکٹر معطل ، جنگلاتی اراضی پر تنازعہ کا شاخسانہ
حیدرآباد۔ 30 جون (سیاست نیوز) کومرم بھیم آصف آباد ضلع میں جنگلاتی اراضی کے تنازعہ پر چند مقامی افراد کے حملے میں محکمہ جنگلات کی ایک خاتون افسر زخمی ہوگئیں۔ بیان کیا جاتا ہے کہ حکمراں ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کے بھائی اس حملہ آور ہجوم کی قیادت کررہے تھے۔ فاریسٹ رینج افسر سی ا نیتا پر حملہ کا ویڈیو فٹیج وائرل ہونے کے بعد پولیس نے انتہائی تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے سرپور کے رکن اسمبلی کونیرو کنپا کے بھائی کونیرو کرشنا راؤ کو گرفتار کرلیا۔ کرشنا راؤ حال ہی میں ضلع پریشد کے نائب صدرنشین منتخب ہوئے ہیں۔ اس دوران انسپکٹر جنرل پولیس ورنگل رینج ناگی ریڈی نے کاغذ نگر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سامبیا اور رورل انسپکٹر وینکٹیش کو غفلت و لاپرواہی کے الزام کے تحت خدمات سے معطل کردیا۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اس جنگلاتی اراضی پر مقامی دیہاتیوں اور محکمہ جنگلات کے درمیان گزشتہ 40 سال سے تنازعہ جاری تھا۔ سرپور کاغذ نگر کی فاریسٹ رینج آفیسر شریمتی انیتا پر ڈیوٹی انجام دینے کے دوران لاٹھیوں کے ذریعہ قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے ٹی آر ایس کے نومنتخبہ نائب صدرنشین ضلع پریشد، آصف آباد ڈسٹرکٹ کونیرو کرشنا اور ان کے چند حامیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور کرشنا کے خلاف 147، 148، 207، 332، 353 اور 427 دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات کرنے کا پولیس ذرائع نے اظہار کیا

اور بتایا کہ کونیر کرشنا جن کا گزشتہ ماہ ادارہ جات مقامی ضلع پریشد و منڈل پریشد کے منعقدہ انتخابات کے موقع پر بحیثیت نائب صدرنشین ضلع پریشد آصف آباد ڈسٹرکٹ انتخاب عمل میں آیا تھا اور آئندہ ماہ یعنی جولائی کے پہلے ہفتہ میں ہی اپنے اس نئے عہدے کا جائزہ حاصل کرنے والے تھے، لیکن عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے سے قبل ہی وہ گردش میں پھنس گئے جس کے نتیجہ میں آج انہیں نہ صرف نائب صدرنشین ضلع پریشد آصف آباد ڈسٹرکٹ کے عہدہ سے مستعفی ہونا پڑسکتا ہے بلکہ پولیس کی جانب سے انہیں اور ان کے حامیوں کو گرفتار کئے جانے پر جیل بھی جانا پڑے گا۔ فاریسٹ رینج آفیسر سرپور، کاغذ نگر شریمتی انیتا مہینوں نے اپنے دیگر عہدیداروں و فاریسٹ ملازمین کے علاوہ پولیس کے ہمراہ پہنچ کر ہریتا ہارم کے تحت شجر کاری پروگرام کے سلسلے میں ٹریکٹروں کے ذریعہ اراضی کو مسطح کرنے کی کوشش کررہی تھیں کہ اچانک اپنے بعض حامیوں کے ہمراہ کونیرو کرشنا جوکہ رکن اسمبلی ٹی آر ایس حلقہ سرپور کونیرو کونپا کے خاص بھائی بتائے جاتے ہیں، نے کاغذ نگر کے جنگلاتی علاقہ سارسالا موضع میں پہنچ کر جنگلاتی اراضی کو مسطح کرنے کی کوشش کرنے والے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں بشمول انیتا ایف آر او پر لاٹھیوں کے ذریعہ حملہ کرکے مارپیٹ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا۔ انیتا فاریسٹ رینج آفیسر جوکہ سر پر شدید چوٹ آنے کی وجہ سے گرگئی تھیں۔ پولیس اور جنگلات کے عہدیداروں نے انہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں انیتا کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کیساتھ ہی ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع آصف آباد کے ملاریڈی مقام پر پہنچ کر ضروری کارروائی کی اور تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کونیرو کرشنا کی فوری طور پر گرفتاری عمل میں لانے کی متعلقہ ماتحت پولیس عہدیداروں کو ہدایات دیں، جس کی روشنی میں پولیس نے فوری طور پر کونیرو کرشنا کو گرفتار کرلیا گیا۔ اعلیٰ عہدیداران محکمہ جنگلات اور ضلع کلکٹر آصف آباد ڈسٹرکٹ کی ہدایات پر انیتا نے اپنے دیگر عہدیداروں و ملازمین محکمہ جنگلات کے ہمراہ بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کیلئے جنگلاتی اراضی کو مسطح کرنے کی کوشش کی جس پر بعض افراد نے ان کی کوششوں میں رکاوٹیں پیدا کیں، لیکن انیتا نے ان تمام افراد کو حقیقی حالات سے واقف کرواتے ہوئے انہیں خاموش کروادیا۔ ڈسٹرکٹ آصف آباد و دیگر مقامات سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تلنگانہ ٹی آر ایس نے دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالا ہے۔ ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کی نہ صرف عام افراد بلکہ سرکاری ملازمین و عہدیداروں پر حملوں و مارپیٹ کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ دوسری طرف پولیس کی پشت پناہی حاصل ہورہی ہے۔ جبکہ دیہی علاقوں میں پولیس کی پشت پناہی کے ذریعہ غریب عوام کی اراضیات پر غیرمجاز قبضے کے واقعات میں اضافہ کی اطلاع ہے۔