لندن۔ یکم ؍ نومبر (یو این آئی) برطانوی فوج کے ایک سابق سینئر افسر کو خاتون فوجی اہلکار پر جنسی حملہ ثابت ہونے پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے ، واقعہ کے بعد 19 سالہ خاتون فوجی افسر جیسلی بیک نے زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون فوجی اہلکار جیسلی بیک نے جولائی 2021 میں اعلیٰ افسران کو شکایت کی تھی کہ اُس وقت کے بیٹری سارجنٹ میجر مائیکل ویبر نے اُن پر جنسی حملہ کیا۔ شکایت کے باوجود نہ تو واقعہ کی تحقیقات کی گئیں اور نہ ہی پولیس کارروائی عمل میں لائی گئی۔ رپورٹس کے مطابق بعد ازاں مائیکل ویبر نے متاثرہ خاتون کے نام معافی نامہ لکھا تھا۔ رائل آرٹلری سے وابستہ نوجوان فوجی جیسلی بیک دسمبر 2021 میں فوجی کیمپ کے اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔
وائٹ ہاؤس کی صحافیوں کے داخلے پر نئی پابندیاں
واشنگٹن ۔ یکم ؍ نومبر (ایجنسیز) وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کے داخلے پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ میڈیا کے مطابق صحافی پریس سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام کے دفاتر میں بغیر اجازت داخل نہیں ہو سکیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت ’اپر پریس روم‘ میں داخلہ پیشگی اپائنٹمنٹ پر ممکن ہو گا۔فیصلہ فوری طور پر نافذ ہوگا۔ اقدام حساس معلومات کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پینٹگان میں گزشتہ ماہ نافذ کی گئی اسی نوعیت کی پابندیوں کے بعد یہ دوسرا اقدام ہے۔