خاتون مسافرین کی سیفٹی کیلئے ریلوے کے ’ آپریشن میری سہیلی ‘ کا آغاز

   

حیدرآباد :۔ خاتون مسافرین کو بہتر سیکوریٹی فراہم کرنے کے اقدام میں ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے کل ’ آپریشن میری سہیلی ‘ کا آغاز کیا گیا ۔ جس کا مقصد خواتین بالخصوص تنہا سفر کرنے والی خواتین کی سلامتی پر توجہ دینا اور ان کے لیے بہتر سیکوریٹی فراہم کرنا ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے اس کے دائرہ کار میں چلنے والی آٹھ اہم ٹرینس کی نشاندہی کی ہے اور خاتون مسافرین میں سیفٹی سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے یہ مہم چلائی ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر گجامن ملیا نے کہا کہ ’ خاتون مسافرین کی سیفٹی کو اہم ترجیح دی جائے گی ۔ اس آپریشن کی حکمت عملی یہ ہے کہ اس میں ویمن ریلوے پروٹیکشن فورس ( آر پی ایف ) کی ٹیم ، سب انسپکٹرس / اسٹاف کی جانب سے ٹرین کی روانگی کے اسٹیشن پر خاتون مسافرین سے بات چیت کی جائے گی ۔ خصوصی طور پر چلائی جارہی اس مہم کے دوران خاتون مسافرین کو سفر کے دوران کئے جانے والے تمام احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا جائے گا اور انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں وہ 182 کو ڈائیل کریں ۔ اس مہم کے سلسلہ میں آر پی ایف ٹیم خاتون مسافرین کے سیٹ نمبرس حاصل کرے گی اور انہیں راستہ پر اسٹاپیجس کے بارے میں بتائے گی ۔ اسٹاپنگ اسٹیشنس پر پلیٹ فارم ڈیوٹی آر پی ایف اسٹاف کی جانب سے کوچس اور برتھس پر نگرانی رکھی جائے گی اور اگر ضرورت ہو تو یہ عہدیدار خاتون مسافرین سے بات چیت کریں گے ۔۔