خاتون نے سڑک کے کنارے بچہ کو جنم دیا

   

حیدرآباد، 10/ اگست (یواین آئی) شہر حیدرآباد میں ایک خاتون نے سڑک کے کنارے بچہ کو جنم دیا۔میلاردیوپلی کے آرام گھر کے قریب راجو اور راجیشوری جوڑا رہتا ہے ۔راجو میستری کا کام کرتا ہے ۔اس جوڑے کو ایک دوسالہ لڑکا ہے ۔راجیشوری حاملہ تھی اورمعمولی مسئلہ پر اس کے شوہر راجو سے اس کا جھگڑا ہوگیااور وہ گھرسے نکل پڑی۔اسی دوران کل شام سعیدآباد جانے کے دوران راجیشوری کو درد شروع ہوگئے اور سڑک کے کنارے وہ بیٹھ گئی۔اسی دوران اس بات کی اطلاع شنکیشوربازارکالونی ویلفیر سوسائٹی کے صدراوردیگر کو ملی جنہوں نے 108 ایمبولنس کو فون کرتے ہوئے طلب کیااور قریب میں واقع پرائیویٹ اسپتال کے اہلکاروں کو اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے تعاون کی خواہش کی۔108ایمبولنس کے آنے سے پہلے ہی راجیشوری نے سڑک کے کنارے بچہ کو جنم دیا۔پرائیویٹ اسپتال کے اہلکاروں نے نوزائیدہ بچہ اور زچہ کو اسپتال منتقل کیا تاہم بعد ازاں 108ایمبولنس کی آمد کے بعد پرائیویٹ اسپتال سے خاتون اور نوزائیدہ کو کوٹھی میٹرنٹی اسپتال منتقل کیاگیا۔