اے پی میں تلگودیشم رکن اسمبلی کو پارٹی سے معطل کردیا گیا
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی برسراقتدار تلگودیشم نے اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی کو خاتون لیڈر کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں معطل کردیا۔ حلقہ اسمبلی ستیہ دیڈلو سے منتخب رکن اسمبلی کونیٹی ادیمولم کو پارٹی سے معطل کردیا ہے۔ رکن اسمبلی پر خاتون ورکر کے ساتھ رنگ رلیاں منانے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا الزام ہے ۔ کہا گیا کہ ایک سے زیادہ مرتبہ ہوٹل طلب کیا اور خاتون ورکر کی عصمت ریزی کی۔ یہ واقعہ ایسے وقت منظرعام پر آیا جب پارٹی شدید بارش سے پریشان ریاست میں راحت کاری میں مصروف ہے ۔ خاتون ورکر نے باضابطہ پریس کانفرنس کرکے رکن اسمبلی کے خلاف شواہد پیش کئے اور عصمت ریزی کا الزام لگاتے ہوئے داستان سنائی۔ خاتون ورکر نے جو تلگودیشم سے تعلق رکھتی ہے اس مقام کا بھی ذکر کیا جہاں ایم ایل اے انہیں ہوٹل میں طلب کرتا تھا۔ خاتون نے بار بار عصمت ریزی کی اس حرکت کو منظرعام پر لانے کا فیصلہ کیا اور پن کیمرے کے ذریعہ رکن اسمبلی کی حرکتوں کو قید کرلیا۔ اس خاتون نے الزام لگایا کہ رکن اسمبلی نے کئی خواتین کا جنسی استحصال کیا ، خواتین کو بلیک میل کرکے رنگ رلیاں منانا اس کی عاد ت ہے ۔ جو بھی خاتون اس رکن اسمبلی کی خواہش کو پورا کرنے سے انکار کرتی اس کی زندگی کو مشکل بنادیا جاتا۔ تلگودیشم رکن اسمبلی کی حرکتوں کو منظر عام پر لانے متاثرہ خاتون نے پن کیمرے کا استعمال کیا اور اس کی حرکتوں کو قید کرلیا۔ رکن اسمبلی کی رنگ رلیاں منظرعام پر آنے کے بعد آندھرا پردیش کی سیاست تیز ہوگئی اور رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑتا جارہاہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے پارٹی ریاستی صدرپی سرینواس راؤ نے رکن اسمبلی کو پارٹی سے معطل کردیا اور تحقیقات کا اعلان کیا۔ امکان ہے کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھی ادیمولم کا استعفی طلب کیا جائے گا اور سنگین الزامات کی تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ع