خاتون وزیر انیتا وزیرداخلہ، این محمد فاروق کو قانون انصاف اور اقلیتی بہبود کا قلمدان

   

پون کلیان پنچایت راج و دیہی ترقی، نارا لوکیش انفارمیشن ٹکنالوجی اور پی کیشو فینانس کے وزیر
آندھراپردیش کے وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم

حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے وزراء کے لئے قلمدانوں کا تعین کردیا ہے۔ چندرابابو نائیڈو اور دیگر 24 وزراء کے قلمدانوں سے متعلق گورنر کی منظوری کے بعد احکامات جاری کئے گئے۔ چندرابابو نائیڈو نے نوجوان وزراء کو اہم ذمہ داریاں دی ہیں اور وزارت داخلہ کا قلمدان خاتون وزیر کو الاٹ کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان اور نارا لوکیش کو اہم قلمدان تفویض کئے گئے۔ انتخابی مہم اور حکومت کی تشکیل میں پون کلیان اور نارا لوکیش کا اہم رول رہا ہے۔ حکومت کے کام کاج میں بھی یہ دونوں اہم رول ادا کریں گے۔ ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون وزیر وی انیتا کو وزارت داخلہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ کابینہ میں شامل واحد مسلم وزیر این محمد فاروق کو قانون و انصاف کے ساتھ اقلیتی بہبود کا قلمدان دیا گیا۔ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کے پاس موجود قلمدانوں میں جی اے ڈی، لاء اینڈ آرڈر، پبلک انٹرپرائزس اور وہ تمام قلمدان جو وزراء میں تقسیم نہیں کئے گئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کو پنچایت راج، رورل ڈیولپمنٹ، رورل واٹر سپلائی، ماحولیات، جنگلات، سائنس و ٹیکنالوجی کے قلمدان دیئے گئے۔ نارا لوکیش فروغ انسانی وسائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس اینڈ کمیونکیشن کے وزیر ہوں گے۔ کے اچن نائیڈو جو آندھراپردیش تلگودیشم پارٹی کے صدر ہیں، اُنھیں زراعت، امداد باہمی، مارکٹنگ، انیمل ہسبینڈری، ڈیری ڈیولپمنٹ اور فشریز قلمدان دیئے گئے۔ کے رویندر اکسائز، مائنس اینڈ جیالوجی کے وزیر ہوں گے۔ دیگر وزراء کے قلمدانوں میں این منوہر فوڈ اینڈ سیول سپلائز کنزیومر افیرس، پی نارائنا بلدی نظم و نسق و شہری ترقی، ستیہ کمار یادو صحت خاندانی بہبود میڈیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر این راما نائیڈو واٹر ریسورسیس ڈیولپمنٹ، اے رام نارائن ریڈی انڈومنٹ، پی کیشو فینانس پلاننگ کمرشیل ٹیکسیس، اُمور مقننہ، اے ستیہ پرساد ریونیو، رجسٹریشنس اینڈ اسٹامپس، کے پرتاسارتھی ہاؤزنگ اطلاعات و تعلقات عامہ، ڈاکٹر ڈی بالا ویرانجنے سوامی سماجی بھلائی، بہبودیٔ معذورین ، جی روی کمار انرجی، کے درگیش سیاحت کلچر سنیماٹو گرافی، جی سندھیا رانی بہبودیٔ خواتین و اطفال و قبائل، بی سی جناردھن ریڈی عمارت و شوارع انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ، ٹی جی بھرت انڈسٹریز اینڈ کامرس فوڈ پروسیسنگ، ایس سویتا بی سی ویلفیر ہینڈلوم اینڈ ٹکسٹائل، وی سبھاش لیبر فیاکٹریز، کے سرینواس چھوٹی و متوسط صنعتیں این آر آئی امپاورمنٹ و ایم راما پرساد ریڈی کو ٹرانسپورٹ یوتھ و اسپورٹس کے قلمدان الاٹ کئے گئے۔ 1