خاتون پہلوانوں کا مسئلہ ، کے کویتا کی تائید و حمایت

   

نظام آباد 31؍ مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا ان خاتون پہلوانوں کی حمایت میں آئیں جو جنسی ہراسانی کے الزام میں ڈبلیو ایف آئی چیف برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کے لئے احتجاج کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون پہلوانوں نے دنیا بھر میں اپنی کامیابیوں سے ہمارے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ دختر وزیراعلیٰ نے مرکزی حکومت سے ایسے اقدام کا مطالبہ کیا جو قومی مفاد اور ہمارے کھلاڑیوں کے وقار کے لئے ہو۔رکن کونسل نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہماری خواتین ریسلرز کی محنت، لگن اور حب الوطنی ہے جس نے ہندوستان کے اس ہنر کوساری دنیا کو دکھایا۔ حکومت ہند کو چاہئے کہ اندرون 5 دنوں ملک کے مفاد میں حل تلاش کرے۔ انہوں نے بتایا کہ POCSO جیسے سنگین الزام کے بعد بھی ملزم کھلے عام گھوم رہا ہے۔ متاثرہ کو انصاف دینے سے کسی صورت انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ گولڈ میڈل سے نوازے جانے والی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ جاری بربریت قابل مذمت ہے۔ حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ پوری دنیا اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور ملک کے عوام مرکزی حکومت سے جواب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین مسئلہ پر مرکز ی حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی نہایت ہی افسوسناک بات ہے۔ بی آر ایس قائد نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت اپنی آنکھیں کھولے اور پہلوانوں کے مسائل کی سماعت کرے اور مناسب حل نکالے۔