خاتون پہلوان سیما نے ٹوکیو اولمپکس کا کوٹہ دلایا

   

نئی دہلی: ہندوستانی خاتون پہلوان سیما (50کلوگرام) نے بلغاریہ کے صوفیہ میں منعقدہ آخری اولمپک کوالیفائنگ ٹورنمنٹ ورلڈ اولمپک گیمس کوالیفائنگ ٹورنمنٹ میں ملک کو اس سال جولائی ؍ اگست میں ہونے والے ٹوکیو اولمپک کا کوٹہ دلایا ہے ۔ انڈین ریسلنگ فیڈریشن نے تین خاتون پہلوانوں سیما بسلا (50کلوگرام)، نشا (68کلوگرام) اور پوجا (76کلوگرام) کو مقابلوں میں اتارا تھا۔ نشا اور پوجا اپنے پہلے مقابلے میں شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہوگئیں لیکن سیما نے 50کلوگرام میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور فائنل میں جگہ بنانے کے ساتھ ہی ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سیما نے کوالیفکیشن راؤنڈ میں بیلاروس کی پہلوان کو 8-0 سے ، کوارٹرفائنل میں سویڈن کی پہلوان کو 10-2 سے اور سیمی فائنل میں پولینڈ کی پہلوان کو 2-1 سے شکست دی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ ایکدیما کی پہلوان لوسیا یاملیت سے کل ہوگا۔ گریکو رومن زمرے کے چھ وزن زمروں کے مقابلے اتوار کو شروع ہوں گے ۔ ہندوستان کو اس چمپئن شپ سے دو اولمپک کوٹے مل چکے ہیں۔ سمیت ملک مردوں کے فری اسٹائل زمرے کے 125 کلوگرام کے فائنل میں پہنچ کر ملک کو اولمپک کوٹہ دلا چکے ہیں۔
مینس سیکشن بری طرح ناکام
دریں اثناء مینس سیکشن میں انڈیا کے گریکو رومن ریسلرس چاروں خانے چت ہوگئے اور ان میں سے کوئی بھی ٹوکیو گیمز کا کوٹہ حاصل نہیں کرسکا۔ ہندوستان کو سب سے زیادہ امید گرپریت سنگھ سے تھی لیکن وہ اپنا 77 کلوگرام پری کوارٹر فائنل 2020ء کے یورپین چمپئن آذربائجان کے رفیق حسینوف کے مقابل محض 48 سکنڈ میں ہار کر مسابقت سے خارج ہوگئے۔ دیگر تمام گریکو رومن ریسلرس کو بھی شکست فاش ہوئی۔ سچن رانا اپنے ابتدائی مقابلے سے دستبردار ہوکر 60kg کامپٹیشن سے خارج ہوگئے، آشو (67kg) کو بیلاروس کے علی اکسندر کے خلاف 3-8 سے ناکامی ہوئی۔ سنیل کمار کو 87kg سیکشن میں روسی حریف چاکواتازے نے شکست دی۔ دیپانشو 97kg پری کوارٹرفائنل میں ناکام ہوئے۔