خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے کے معاملے پر نریندر مودی کیوں خاموش ہیں:کانگریس

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی 22دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پٹنہ میں ایک ڈاکٹر کو تقرری نامہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے اس کا حجاب کھینچنے کا واقعہ پوری دنیا میں بحث کا موضوع بن چکا ہے ، لیکن بڑی حیرت کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس پر خاموش ہیں۔کانگریس کے کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ جو لوگ ”بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ” کا نعرہ دیتے ہیں، وہ خود پڑھی لکھی بیٹی کا حجاب کھینچتے ہیں، تو انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ جب بیٹی تعلیم حاصل کر کے باہر نکلے تو اسے کون سے کپڑے پہننے چاہئیں۔ وزیر اعظم مودی کو اس پر خاموش رہنے کی بجائے یہ بتانا چاہیے کہ بیٹیاں کس لباس کے ساتھ گھر سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اگر بیٹیاں چھوٹے کپڑے پہنیں تو مسئلہ، حجاب پہنیں تو بھی مسئلہ، لیکن اصل مسئلہ بیٹیاں نہیں، مسئلہ خود آپ ہیں۔ ‘بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ’ نعرہ اچھا ہے ، لیکن جب بیٹی تعلیم حاصل کر کے باہر نکلے تو وہ کون سے کپڑے پہنے ، یہ سوال انتہائی سنگین ہو چکا ہے ۔ تنگ کپڑے پہننے پر بھی قصور اسی کا ٹھہرایا جاتا ہے تو اب حجاب پہننے پر بھی الزام اسی پر لگایا جا رہا ہے ۔ نتیش کمار ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اور انہوں نے ڈاکٹر نصرت پروین کے حجاب کو بار بار کھینچنے کی کوشش کی اور آخر جزوی طور پر کھینچ ہی دیا۔