خاتون ڈاکٹر کیس ‘ خاطیوں کو تحویل میں لینے پولیس کی تیاری

   

سائبر آباد پولیس کی سرگرمیاں جاری تحویل میں تفتیش کے مقام کی نشاندہی کی مساعی
حیدرآباد2 ڈسمبر (سیاست نیوز) جسٹس فار دیشا قتل کیس میں اندرون 15 دن عدالت میں چارج شیٹ داخل کرنے سائبر آباد پولیس ہنگامی حالات میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف گرفتار چار خاطیوں کو پولیس تحویل میں لینے میں تفتیش کیلئے مقام کی نشاندہی اور عدالت میں پیش کرنے پر ان کی سیکوریٹی کے کئی خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وحشیانہ جرم کا اثر قومی سطح پر رونما ہونے کے نتیجہ میں سائبر آباد پولیس نے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہے اور ہر ٹیم کی سرپرستی ڈپٹی کمشنر پولیس رتبہ کا عہدیدار کریگا ۔ چارج شیٹ جلد داخل کرنے پولیس نے چار اسسٹنٹ کمشنران ، 15 انسپکٹران اور کئی سب انسپکٹران و کانسٹبل کو مصروف رکھا ہے۔ خاطیوں کی گرفتاری کے بعد شاد نگر عوام کی جانب سے برہمی کا اظہار کرکے احتجاجی مظاہرے کرنے اور جیل کی منتقلی کے دوران بھی خاطیوں کا تعاقب کرنے کے واقعات کے بعد پولیس خاطیوں کی سیکوریٹی کو یقینی بنانے حکمت عملی تیار کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبر آباد پولیس چار خاطیوں کو پولیس تحویل میں لے کر اس کیس کی مزید تحقیقات کیلئے ان سے تفتیش کریگی لیکن جیل سے پولیس اسٹیشن منتقلی یا پھر دوسرے مقام پر رکھ کر تفتیش کرنے پر ہجوم کے اچانک احتجاج کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ جسٹس فار دیشا قتل کیس کی فی الفور سماعت کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ کے قائم کیلئے پولیس نے حکومت کو منظوری کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے اور امید ہے کہ اندرون چند یوم فاسٹ ٹریک کورٹ کی منظوری حاصل ہوجائے گی۔