ریاستی وزیر کے ٹی آر اور ڈی سی پی ایسٹ زون کی جانب سے ستائش
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ ایک خاتون کانسٹبل نے لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کیلئے ایک غیر سرکاری تنظیم کو 100 کیلو چاول حوالہ کیا جس پر ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اِس خاتون کانسٹبل کی بھرپور ستائش کی۔ سعیدآباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ خاتون کانسٹبل بی یشودھا جو ڈیوٹی پر تعینات ہے نے ایک غیر سرکاری تنظیم ٹیم این جی او انڈیا کو اپنے شوہر کے ہمراہ پہونچ کر اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر 100 کیلو چاول تقسیم کیلئے جمع کروائے لیکن این جی او انڈیا نے خاتون کانسٹبل کے اِس فلاحی اقدام کی ستائش کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اِس بات کا انکشاف کیا۔ جس کے فوری بعد ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ خاتون کانسٹبل کے اِس اقدام کی ستائش کی۔ اِسی دوران خاتون کانسٹبل کے اِس جذبۂ انسانی کو ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون مسٹر ایم رمیش نے بھی سراہا۔