حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) الوال کے علاقہ میں ایک خاتون نے دو بچوں کے ساتھ زہر کھاکر انتہائی اقدام کرلیا تاہم خاتون کا 12 سالہ لڑکا فوت ہوگیا۔ خاتون اور اس کی بچی کو بچالیا گیا۔ شوہر اور ساس کی ہراسانیوں سے تنگ آکر اس خاتون نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ الوال پولیس ذرائع کے مطابق 40 سالہ سریتا عرف انیتا نے اپنے دو بچوں 12 سالہ لڑکا کارتک اور میگھنا کے ساتھ کیڑے مارے دوا کا استعمال کرلیا جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں کارتک فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق سریتا کی ماں اگماں نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریتا اور رمیش کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور شادی کے وقت دیڑھ لاکھ روپئے جہیز کی رقم ادا کی گئی لیکن شادی کے چند دن بعد سے ہی خاتون کو زائد جہیز کیلئے ہراساں کیا جانے لگا۔ کئی مرتبہ پنچایت کے بعد بھی شوہر رمیش اور ساس وینکٹماں کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ رمیش اور سریتا ترکاری فروش کرتے تھے۔ آج صبح 5 بجے سریتا نے اپنے دو بچوں کے ہمراہ انتہائی اقدام کرلیا۔ الوال پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع