حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) تحائف کے نام پرخاتون کو لوٹنے والے دو بیرونی باشندوں کو سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے گرفتار کرلیا۔ دہلی میں کی گئی حیدرآباد پولیس کی کارروائی میں الوٹے پیٹر عرف چبوزا متوطن گھانہ اور رومن جاشوا متوطن نائجیریا کو گرفتار کرلیا۔ جو اسٹوڈنٹ ویزا پر ہندوستان آئے تھے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈی ڈی گجاراؤ بھوپال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بیگم پیٹ علاقہ کی ساکن ایک خاتون نے شکایت کی تھی۔ آسکر لیون نامی ایک شخص نے بذریعہ واٹس ایپ اس سے رابطہ قائم کیا۔ چند روز بعد دونوں میں چیاٹنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا اور دونوں میں دوستی ہوئی۔ اس دوران آسکر لیون نے شکایت گذار خاتون کو بتایا کہ وہ امریکہ میں رہتا ہے اور پیشہ سے ڈاکٹر ہے اور اس نے خاتون سے کہا کہ وہ چند تحائف روانہ کررہا ہے اور وہ اسے حاصل کرلے جو خاص اس کیلئے بھیج رہا ہے جس میں طلائی زیورات، نقد رقم اور الیکٹرانک اشیاء موجود ہیں جس کے بعد خاتون کو ایک شخص نے فون کیا اور اپنی شناخت دہلی کے کسٹمر آفیسر کی حیثیت سے ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ آسکرلیون کی جانب سے ایک پارسل آیا اور مطالبہ کیا کہ وہ پارسل کیلئے کسٹمس کا ٹیکس ادا کرے۔ اس طرح خاتون سے مختلف مراحل میں 2 لاکھ 2 ہزار روپئے لوٹ لئے گئے۔ پولیس کے مطابق ہندوستان پہنچنے کے بعد یہ لوگ فرضی فیس بک اور انسٹاگرام کے اکاؤنٹس تیار کرتے ہوئے شہریوں بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کو جال میں پھانسنے کا کام کرتے ہیں اور عوام کو یہ یقین دلانے کیلئے کہ وہ بیرونی ممالک سے بات کررہے ہیں۔ اس طرح کے پلس ون اور پلس 44 جیسے نمبرات کا استعمال کرتے ہیں۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع