حیدرآباد : /23 اپریل (سیاست نیوز) خاتون کو فون پر مسلسل ہراساں کرنے والے ایک شخص کے خلاف فلک نما پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ خاتون ساکن جہاں نما فلک نما کو حبیب بن جیلانی نامی شخص فون پر تنگ کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود بھی مذکورہ شخص درخواست گزار خاتون کو مسلسل فون کرتے ہوئے اسے مبینہ طور پر تنگ کررہا تھا اور اس کا تعاقب کررہا تھا ۔ /22 اپریل عیدالفطر کو بھی حبیب بن جیلانی نے مبینہ طور پر خاتون کو فون کیا اور اس سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی ورنہ اسے سنگین نتائج کا انتباہ دیا اور اس کے مکان پر پہنچ کر تباہی مچانے کی بھی دھمکی دی ۔ اس سلسلہ میں خاتون نے حبیب بن جیلانی کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس پر فلک نماں پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 354D اور 506 کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ۔