حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر کی ایک عدالت نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک خاتون کی موت کا سبب بننے والے شخص کو 2 سال کی سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل بی نگر کی ایک مقامی عدالت میں میر پیٹ پولیس نے چارج شیٹ کو داخل کیا تھا اور آج اس کیس میں فیصلہ سنایا گیا ۔ سال 2017 جون کے مہینے میں میر پیٹ پولیس حدود کے بالاپور علاقہ میں 46 سالہ کرشنا ٹھاکر نے حادثہ کرتے ہوئے ایک 65 سالہ خاتون گنٹا بوسنا کی موت کا سبب بنا تھا ۔ 2 جون کو شکایت درج کی گئی تھی جبکہ حادثہ یکم جون کی رات دیر گئے پیش آیا تھا ۔ اور 14 جون کو یہ خاتون فوت ہوگئی تھی ۔ اس سلسلہ میں میرپیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس کیس میں آج مکمل چارج شیٹ کو داخل کردیا اور عدالت نے فیصلہ سنایا ہے ۔