خاتون کو ہراسانی ‘ انسپکٹر صنعت نگر کا تبادلہ

   

قابل اعتراض پیامات بھیجنے پر متاثرہ کی کمشنر سے شکایت
حیدرآباد 20 جولائی ( سیاست نیوز ) : خاتون شکایت گذار کو ہراساں کرنے اور اپنی خواہش کی تکمیل کیلئے دباؤ ڈالنے والے انسپکٹر پولیس صنعت نگر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ پولیس کمشنر کے اس اقدام پر شہریوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور انسپکٹر کو برطرف کرنے کی خواہش کی ۔ انسپکٹر پولیس صنعت نگر کی کارستانی سے عوام میں پولیس کا وقار متاثر ہوا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ انسپکٹر صنعت نگر دیویندر ریڈی کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور اس کو ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا ۔ انسپکٹر کے خلاف خاتون نے کمشنر سے شکایت کی تھی ۔ انسپکٹر دیویندر ریڈی نے شکایت گذار خاتون کو پھانسنے کی کوشش کی اور اس پر اپنے پسندیدہ مقام پر آنے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ ایک مسئلہ میں پولیس سے رجوع ہونے والی خاتون کو راست انسپکٹر کی ہراسانی کا سامنا رہا اور دیویندر ریڈی خاتون کو قابل اعتراض پیامات روانہ کر رہا تھا ۔ خاتون کی خوبصورتی کی تعریف کرکے کسی مقام پر آنے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ خاتون نے انسپکٹر کی ان حرکتوں سے تنگ آکر مسئلہ کو کمشنر پولیس سائبر آباد ایوناش موہنتی سے رجوع کردیا ۔ ذرائع کے مطابق خاتون نے کمشنر کو انسپکٹر کے بھیجے گئے مسیج بتائے ۔ اس کا نوٹ لے کر کمشنر پولیس نے انسپکٹر کا تبادلہ کردیا ۔ انسپکٹر کی اس حرکت سے ایک طرف محکمہ بدنام ہورہا ہے تو دوسری طرف شہری اس کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرکے پولیس سے سوال کررہے ہیں کہ آیا اس انسپکٹر کو معطل کیوں نہیں کیا گیا ۔ اس کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ ع