حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن کونسل کویتا کی توجہ دہانی کے بعد حکومت نے حیدرآباد کے حکیم پیٹ اسپورٹس اسکول کے او ایس ڈی ہری کرشنا کو معطل کردیا ہے۔ ان پر ٹریننگ کیلئے آنے والی لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ اخبارات میں شائع شدہ رپورٹ کی بنیاد پر کویتا نے وزیر اسپورٹس کو ٹیاگ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ہری کرشنا کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔ اسکول میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کی کوچنگ کیلئے آنے والی لڑکیوں نے الزام عائد کیا کہ اسکول کے او ایس ڈی ہری کرشنا نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔ حالیہ عرصہ سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ نے اس واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور تحقیقات اندرون تین یوم مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اسپورٹس نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہراساں کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ دہلی میں ریسلنگ اسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن پر کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا کہ تلنگانہ میں ایک نیا معاملہ منظر عام پر آیا۔ وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ نے تحقیقات کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی ہے۔ اسی دوران اسکول کے عہدیدار نے الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کی اطلاعات کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔