خاتون کیلئے دو نوجوانوں میں جھگڑا ، ایک کی موت

   

حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) ایک خاتون کے لئے دو نوجوانوں میں ہوا جھگڑا ایک کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ میڑی پلی پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی جو علاقہ میں سنسنی کا سبب بن گئی۔ جہاں 38 سالہ شخص مہیندر ریڈی ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مہیندر ریڈی پر کرن ریڈی نے حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔ کرن نے باورچی خانے کے سامان سے پہلے حملہ کیا اور پھر بعد میں چاقو سے حملہ کرتے ہوئے مہیندر ریڈی کا قتل کردیا۔ اطلاع کے فوری بعد پہنچی پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کی اور کرن ریڈی کے ساتھ اس خاتون کو بھی حراست میں لے لیا جو جھگڑا اور قتل کا سبب بنی۔ پولیس انہیں حراست میں لیتے ہوئے قتل کی اصل وجوہات کا پتہ چلانا شروع کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مہیندر ریڈی جنگاؤں سے تعلق رکھتا ہے جو کل رات حیدرآباد آیا تھا۔ مہیندر ریڈی پہلے اس ہاسٹل میں رہتا تھا جہاں اس کا قتل ہوا اس ہاسٹل کی نگرانکار ہاسٹل چلانے والی خاتون سے مہیندر کی دوستی تھی۔ درائع کے مطابق ان دونوں کے درمیان دوستی گہری تھی اور اس دوران ہاسٹل میں رہنے والے کرن ریڈی سے اس خاتون نے دوستی کرلی تھی اور مہیندر ریڈی کا اکثر جنگاؤں سے خاتون سے ملاقات کے لئے آیا کرتا تھا۔ کل رات کرن ریڈی نے خاتون کے ساتھ مہیندر ریڈی کو دیکھ لیا اور دونوں میں بحث و تکرار کے بعد جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے میں قتل کردیا گیا۔ پولیس اس واردات کی محتلف زاریوں سے تحقیقات کررہی ہے کہ آیا خاتون نے مہیندر ریڈی کو طلب کیا یا پھر مہیندر ریڈی اتفاقی طور پر ہاسٹل پہنچا تھا۔ پولیس نے قتل میں سازش کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع