خاتون کی موت کے بعد شوہر اور سسرالی رشتہ دار گرفتار

   

حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ونستھلی پورم پولیس نے ایک خاتون کی موت کے بعد اس کے شوہر اور سسرالی رشتہ دار کو حراست میں لے لیا ہے ۔ جنہوں نے خودکشی کرنے والی خاتون کو ہاسپٹل رجوع کرتے ہوئے اس کی موت کی وجہ کو بدلنے کی کوشش کی ۔ ہاسپٹل انتظامیہ اور عملہ کی چوکسی سے پولیس حرکت میں آگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ سری وانی جو صاحب نگر علاقہ کے ساکن سریندر ریڈی کی بیوی تھی ۔ سال 2011 میں ان کی شادی ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں ۔ شادی کے بعد ہی سے اس خاتون کو اس کی ساس انجماں اور نند کویتا کے علاوہ شوہر سریندر ریڈی کی جانب سے ہراساں کا سامنا تھا ۔ زائد جہیز کیلئے یہ لوگ خاتون کو پریشان کر رہے تھے ۔ کل خاتون نے خودکشی کرلی ۔ اس خاتون کو پھانسی سے نکال کر شوہر ، ساس اور نند ہاسپٹل لے گئے اور ہائر ٹینشن کے سبب موت کا بہانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ہاسپٹل کے ڈاکٹرز نے گلے پر نشانات کو دیکھ کر پولیس ونستھلی پورم نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔