خارجہ سکریٹری وکرم مصری آج نیپال کے دورہ پر روانہ

   

نئی دہلی۔ 16اگست (یو این آئی) خارجہ سکریٹری وکرم مصری اتوار کے روز نیپال کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے ۔ وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز یہاں کہا کہ وکرم مصری کا یہ دو روزہ دورہ نیپال کے خارجہ سکریٹری امرت بہادر رائے کی دعوت پر ہو رہا ہے ۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات ہیں اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے ۔ ہندوستان اپنی ’پڑوسی پہلے ‘کی پالیسی کے تحت نیپال کے ساتھ روابط کو اعلیٰ ترجیح دیتا ہے ۔ وزارت کا کہنا ہے کہ خارجہ سکریٹری کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کی روایت کو آگے بڑھانے کے لیے ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ہوگا۔ دریں اثنا، اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران وکرم مصری نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے دورہ ہند کے ایجنڈہ کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کریں گے ۔