سوسائٹی فار سیکوریٹی کونسل اور سائبر آباد پولیس کا جلسہ ، ڈاکٹر ٹیسی تھامس کا خطاب
حیدرآباد ۔ /20 فبروری (سیاست نیوز) سماج میں نقصان پہونچانے والے خاطیوں اور مجرمین کو سزاء دینا مسئلہ کا حل ممکن نہیں بلکہ ان کی ذہنیت اور ان کے برتاؤ و طرز عمل میں تبدیلی کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ٹیسی تھامس ڈائرکٹر جنرل آف ایروناٹکس سسٹم ڈی آر ڈی او نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں سائبرآباد پولیس اور سوسائیٹی فار سکیورٹی کونسل کی جانب سے منعقدہ خواتین کے ایک بڑے جلسہ کو مخاطب کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے خواتین کی خودمختاری اور ترقی پر منعقدہ شی ٹیم کے ایک بڑے پروگرام کا افتتاح کیا اور ایوارڈز کی تقسیم میں شرکت کی ۔ ایچ آئی سی سی مادھا پور سائبرآباد میں منعقدہ خواتین کے اس پروگرام میں ڈاکٹر سیماراؤ ویمن کمانڈو فلم اداکارہ سائی پلوی ۔ تلنگانہ شی ٹیم انچارج سواتی لکرا ، کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار کے علاوہ دیگر خاتون مندوبین شریک تھے ۔ 1200 سے زائد خواتین کے اس جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے ٹیسی تھامس نے کہا کہ سماج میں مساوی تعداد کے باوجود بھی خواتین سے امتیاز کا سلسلہ جاری ہے ۔ جبکہ خواتین کو ہر موڑ پر ایک امتحان سے گزرنا پڑتا ہے اور وہ یہ مقابلہ میں ثابت قدمی سے کامیاب ہورہی ہے اور ہر بڑے چیلنج کو قبول کرتی ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد سے اپنی 33 سالہ وابستگی کا تذکرہ کیا جو فی الحال بنگلور میں مقیم ہیں ۔ معروف سائنسداں ڈاکٹر ٹیسی تھامس نے سائبرآباد پولیس کے اقدامات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ خواتین کو پرسکون ماحول فراہم کرنے میں پولیس سائبرآباد کے اقدامات قابل ستائش ہیں جو خواتین میں بھروسہ پیدا کررہے ہیں ۔ انہوں نے ترقی پسند سماج کیلئے خواتین کی خودمختاری کو ضروری قرار دیا ۔ اس موقع پر فلم اداکارہ سائی پلوی نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے تلنگانہ پولیس کی جانب سے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص حیدرآباد جیسے اقدامات کی ملک میں کہیں نظیر نہیں ملتی ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے پولیس کی جانب سے جاری اقدامات کا تذکرہ کیا اور اس پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے غیر معمولی چوکسی و اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شی ٹیم کے ذریعہ مثالی اقدامات جاری ہیں اور بچوں کے تحفظ کیلئے ایک سالہ طویل آپریشن اسمائیل کو شروع کیا گیا اور آئی ٹی کاریڈار میں 24 گھنٹے پٹرولنگ کی جاتی ہے جہاں خواتین ملازمین کی کثیرتعداد خدمات انجام دیتی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے 200 سے زائد والینٹرس کی خدمات کو حاصل کیا جارہا ہے جو مصروف ترین اوقات میں ٹریفک پولیس کی مدد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے عنقریب ’’ شی سیف‘‘ نامی ایک خصوصی ایپ کو رائج کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں پولیس کی جانب سے 6 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے اورحیدرآباد ۔ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے حدود میں 3.5 لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ اس اجلاس کو دیگر معروف مندوبین نے بھی مخاطب کیا اور ایوارڈز کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔