خالدہ ضیا کو جیل سے رہائی کے بعد نیا پاسپورٹ مل گیا

   

بنگلہ دیش کی تعمیر نو کیلئے پیار اور امن ضروری،سابق وزیراعظم کا خطاب
ڈھاکہ: بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن خالدہ ضیا جنہیں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد نظر بندی سے رہا کیا گیا تھا، کو نیا پاسپورٹ دیا گیا ہے ۔یہ اطلاع چہارشنبہ کو میڈیا رپورٹس میں دی گئی۔گزشتہ رات، بی این پی کے صدر کے پرائیویٹ سیکریٹری اے بی ایم عبدالستار نے ان کی طرف سے پاسپورٹ حاصل کیا۔ بی این پی میڈیا سیل کے رکن شیر الکبیر خان نے بتایا۔اطلاعات کے مطابق خالدہ ضیاء اس وقت دارالحکومت کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وہ پانچ سال تک گھر میں نظر بند تھیں اور صدر کی طرف سے معافی ملنے کے بعد منگل کو رہا کر دی گئیں۔رہائی کے ایک روز بعد خالدہ ضیاء نے ملک کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ اُن کی جدوجہد نے ناممکن کو ممکن بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ غصہ یا انتقام نہیں بلکہ پیار اور امن سے ملک کی تعمیر نو ہوگی۔ 2018ء کے بعد سے اپنی پہلی تقریر میں جو نیا پلٹن میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی ریالی میں ویڈیولنک کے ذریعہ کی گئی 79 سالہ خالدہ ضیاء نے برقراری امن کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قید سے ان کی رہائی کے لئے جدوجہد اور دعا کی۔