خالد جمیل کا تقرر ہندوستان کے لئے خوش آئند : کولاکو

   

نئی دہلی، 12 ستمبر (آئی اے این ایس): دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ فٹبال کوچ آرمینڈو اینیلو کولاکو کا ماننا ہے کہ خالد جمیل کا بطورکوچ تقرر ہندوستانی سینئر مردوں کی قومی ٹیم کے لیے ایک اہم قدم ہے، کیونکہ وہ کھلاڑیوں کو کسی غیر ملکی کوچ کے مقابلے میں بہتر سمجھ سکیں گے اور ایک زیادہ مقامی انداز کی فٹبال کو فروغ دے سکیں گے۔ کولاکو، جو پہلے ہندوستانی ہیں جنہوں نے قومی ٹیم کے لیے کھیلا بھی اور کوچنگ بھی کی، انہوں نے جمیل کے تقررکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم کے مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا میں پہلا ہندوستانی تھا جس نے قومی ٹیم کے لیے کھیلا اور کوچ بھی کیا، اس لیے اچھی طرح جانتا ہوں کہ کھلاڑی کو سمجھنا اور بطورکوچ کھلاڑی کے ذہن کو پڑھنا کتنا ضروری ہے۔ ایک ہندوستانی کوچ کا آنا خوش آئند ہے، کیونکہ وہ کھلاڑیوں اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر سمجھ سکتا ہے۔ وہ ٹیم کے لیے ایسا مقامی اندازِکھیل تیار کرے گا جو ہندوستانی حالات کے مطابق زیادہ بہتر نتائج دے سکے۔ بعض اوقات غیر ملکی حکمتِ عملی یہاں کارگر نہیں ہوتی، اس لیے اپنا منفرد انداز اپنانا ضروری ہے۔ میں خالد جمیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور حالیہ سی اے ایف اے نیشنزکپ میں جہاں ہم نے رینکنگ میں ہم سے آگے دو ٹیموں کو شکست دی، یہ ایک شاندارآغاز ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستانی کوچ کا آنا فائدہ مند رہا ہے۔ ہندوستان نے سی اے ایف اے نیشنزکپ میں اپنی پہلی شرکت میں تیسرا مقام حاصل کی، جب انہوں نے تاجکستان کے حصور سنٹرل اسٹیڈیم میں عمان کو1-1 سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ 3-2 گول سے شکست دی۔