نیویارک: امریکہ نے سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانے میں کی گئی توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی کوشش کی مذمت کی ہے۔ ادھر ہندوستان نے خالصتانیوں کی مجوزہ ‘فریڈم ریلی’ کے پیش نظر کینیڈا کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔ امریکہ کے شہر فرانسسکو میں خالصتان کے حامیوں نے ہندوستانی قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ہی اس میں آگ لگانے کی کوشش کی جبکہ کینیڈا میں خالصتانی تحریک کے حامیوں نے ہندوستانی سفارت کاروں پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ امریکہ نے سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانہ کی عمارت میں ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں یہ کہہ کر مذمت کی ہے کہ یہ مجرمانہ کارروائی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا کہ امریکہ میں سفارتی سہولیات یا غیر ملکی سفارت کاروں کے خلاف توڑ پھوڑ یا تشدد ایک مجرمانہ جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”امریکہ سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانے کے خلاف مبینہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے۔”اس سے پہلے خالصتان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اتوار کی صبح کس طرح قونصل خانے کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ ویڈیو کے ساتھ یہ الفاظ بھی لکھے تھے کہ ”تشدد تشدد کو جنم دیتا ہے۔”