خالصتان حامی امرت پال سنگھ گرفتار’ پنجاب میں انٹرنیٹ بند

,

   

وارث پنجاب دی سربرا کے حامیوں کیخلاف کاروائی، 6 زیر حراست

چندی گڑھ:پنجاب پولیس نے خالصتانی حامی اور وارث پنجاب دی کے سربراہ امرت پال سنگھ کو گرفتارکرلیاہے۔ پنچاب حکومت نے امرت پال سنگھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ اس سے پہلے پولیس نے امرت پال سنگھ کے 6 ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے دو گاڑیوں کو پکڑ لیا، لیکن امرت پال سنگھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا تاہم پولیس کی تقریباً سو گاڑیوں نے امرت پال سنگھ کا پیچھا کیااور جالندھر کے نکوڈا کے مقام پر اس کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پنجاب پولیس نے امرت پال سنگھ کو گرفتار کرنے کیلئے زبردست تعاقب کیا۔پنجاب پولیس نے امرت پال سنگھ کے خلاف نفرت انگیز تقریر سمیت تین مقدمات درج کیے ہیں اور اسی سلسلہ میں یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔ ادھر پنجاب کے کئی علاقوں میں کل دوپہر 12 بجے تک انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ پولیس اب امرت پال کے ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔ بتا یا گیا ہے کہ امرت پال اپنی مرسڈیز کار چھوڑ کر فرار ہوگیاتھا اور پولیس سے بچنے کیلئے اس نے اپنی گاڑی بھی بدل لی تھی۔ پولیس پر امرت پال کی گرفتاری کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔ ان حالات میںپٹیالہ، موگا، موہالی اضلاع میں کئی مقامات پر نیٹ بند کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے ضلع موگا میں پولیس کی بھاری تعیناتی دیکھی گئی۔ پنجاب پولیس نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے کام میں مداخلت نہ کریں۔یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں امرت پال سنگھ کے ایک قریبی ساتھی کو امرتسر ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مبینہ طور پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ گروندرپال سنگھ اوجلا کو سری گرو رام داس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔ جس نے مبینہ طور پر امرت پال کے لیے سوشل میڈیا کو ہینڈل کیا۔ حکام نے بتایا کہ اوجلا انگلینڈ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ لندن جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ پکڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔