لندن۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں خالی میدانوں میں فٹبال لیگ کروانے کی تجویز سامنے آگئی۔ یورپین لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری البرٹو کولمبو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فٹبال سیزن متاثر ہوا جس سے شدید مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔ یورپ میں ہونے والی تمام فٹبال لیگ بھی اس وقت نہیں کھیلی جارہیں، جس کی وجہ سے فٹبال کلب شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پریمیئر لیگ کلب نے ایک اجلاس طے کیا ہے جس میں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ خالی میدانوں میں فٹبال کا آغاز کس طرح کیا جائے۔ایک انٹرویو میں یورپین لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری البرٹو کولمبو نے کہا ہے کہ اسوسی ایشنز رکن کی اکثریت نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کلوز ڈور فٹبال میچز کا آغاز کیا جائے لیکن کب اور کس طرح یہ ابھی طے نہیں ہوا۔دوسری جانب جرمنی میں میں عوامی اجتماعات پر 31 اگست تک پابندی عائد کردی کی گئی جس کی وجہ سے بنڈس لیگا کے میچز بھی بغیر تماشائیوں کے ہی کروائے جاسکتے ہیں، جرمن فٹ بال لیگ حکام آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے 23 اپریل کو اجلاس کریں گے۔