خامنہ ای کیخلاف کسی بھی اقدام پر ایران کی سخت وارننگ

   

تہران،22 جنوری (یو این آئی) ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کو خبردار کیا کہ اگر سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے خلاف کوئی بھی جارحانہ قدم اٹھایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے ۔ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے ثقافتی نائب بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ اگر ہمارے رہبر کی جانب کسی نے ہاتھ بڑھایا تو ہم وہ ہاتھ کاٹ دیں گے اور اِن کی دنیا کو آگ لگا دیں گے ۔ شکارچی نے کہا کہ ایران کسی بھی حملے کی صورت میں اپنے دشمنوں کیلئے کوئی محفوظ جگہ نہیں چھوڑے گا اور ہم ٹرمپ کے شور کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے ہیں۔ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کو تنقید کا نشانہ بنا یا اور ایران میں نئی قیادت کی بات کی تھی۔