صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا کا الزام، پارٹی کے دونوں ارکان اسمبلی کے انحراف کی تردید
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا نے سوال کیا کہ وائی ایس خاندان پر ہمیشہ تنقید کرنے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی وائی ایس جگن سے اچانک دوستی کس طرح ہوگئی ہے؟ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایل رمنا نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو نشانہ بنانے کیلئے دونوں پارٹیوں نے موقع پرستانہ اتحاد کیا ہے۔ انہوں نے دونوں پارٹیوں کی دوستی کو جمہوریت میں سیاہ دن سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فیڈرل فرنٹ کے نام پر ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے جو خفیہ دوستی جاری تھی، آج وہ برسر عام ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خاندانی حکمرانی کو جاری رکھنے کیلئے دیگر جماعتوں کی تائید حاصل کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے سابق میں جگن پر ملک کی کرپٹ شخصیت ہونے کا الزام عائد کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کو اصولوں پر اظہار خیال کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔ دونوں پارٹیاں موقع پرستی کا مظاہرہ اصول پسندی کی آڑ میں کر رہی ہیں۔ دونوں کو عوام کے مفادات سے زیادہ شخصی مفادات کی تکمیل کی فکر ہے۔ رمنا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کے سی آر کی مہم کا آندھراپردیش میں کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے والے آج دوست بن چکے ہیں اور آندھراپردیش کے عوام ان تبدیلیوں کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی دوران تلگو دیشم کے دو ارکان اسمبلی ایس وینکٹ ویریا اور ایم ناگیشور راؤ کل 17 جنوری کو صبح 10 بجے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر پھول نچھاور کریں گے۔ ریاستی صدر ایل رمنا اور سینئر قائد آر چندر شیکھر ریڈی کے ہمراہ دونوں ارکان اسمبلی شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔