خاندانی سیاست جمہوریت کی بڑی دشمن : مودی

   

نوجوان سرگرم سیاست میں حصہ لیں ، نیشنل یوتھ پارلیمنٹ فیسٹیول سے وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ خاندانی سیاست جمہوریت کی بڑی دشمن ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سرگرم سیاست میں حصہ لیں۔ نیشنل یوتھ پارلیمنٹ فیسٹیول کے دوسرے سیشن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ایسے دن آگئے ہیں، خاندانی ناموں کے ذریعہ سیاست کی جارہی ہے اور انتخابات لڑے جارہے ہیں۔ خاندانی سیاست ہنوز موجود ہے، اس طرح کی خاندانی سیاست ہم سے دُور نہیں ہوئی ہے، سیاست پر خاندانوں کی حکمرانی یا اس کا غلبہ خود کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ قوم کو آگے بڑھانے کے بجائے یہ لوگ اپنے خاندان کو آگے بڑھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان میں سماجی کرپشن پھیل رہا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی خاندانی سیاست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ہندوستانی قوانین کا قطعی خوف نہیں ہے۔ سال 2022ء میں ہندوستان کی آزادی کی 75 سال مکمل ہورہے ہیں، آزادی کی صدی منانے کیلئے آئندہ 25 ، 26 سال تک انتظار کرنا ہوگا۔ 2047ء کو ہندوستان کی آزادی کی 100 سال مکمل ہوں گے اور یہی دن اور سال نوجوانوں کی زندگی کے سنہرے سال ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ذہنوں میں ملک کے مفادات کو رکھتے ہوئے سرگرم سیاست میں حصہ لیں گے۔ وہ جو کچھ کررہے ہیں، اس میں اپنے ملک کی بھلائی ہونی چاہئے۔