خاندانی سیاست نے جموں و کشمیر کو کھوکھلا کر دیا : وزیر اعظم مودی

,

   

کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر سخت تنقید‘ ڈوڈہ میں الیکشن ریالی سے خطاب

ڈوڈہ، جموں: وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کا آج آغاز کر دیا ہے۔ ڈوڈہ ضلع میں پہلی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کا کام بی جے پی ہی کرے گی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اب دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب یہاں کے نوجوان بہتر تعلیم کے لیے ملک کی دوسری ریاستوں میں جانے پر مجبور تھے۔ آج میڈیکل کالج ہو، ایمس ہو یا IIT، جموں وکشمیر میں سیٹیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ اگر ریاست میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو یہاں پر کالج جانے والے نوجوانوں کو بھی سفری الاؤنس دیا جائے گا۔ بی جے پی ایک ایسا جموں و کشمیر بنانے جا رہی ہے جو دہشت گردی سے پاک ہو گا اور سیاحوں کیلئے جنت ہو گا۔ مرکز کی بی جے پی حکومت یہاں رابطے کو بھی مضبوط کر رہی ہے تاکہ سیاحت کو مزید وسعت ملے اور آپ لوگوں کے لیے سفر کرنا آسان ہو جائے۔ مودی نے کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ خاندانی سیاست نے جموں و کشمیر کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک میگا ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات مرکز کے زیر انتظام علاقے کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے ہیں۔اس بار جموں و کشمیر کے انتخابات جموں و کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔ آزادی کے بعد سے ہمارے پیارے جموں و کشمیر کو بیرونی طاقتوں نے نشانہ بنایا ہے۔ اس کے بعد خاندانی سیاست نے اس خوبصورت ریاست کو کھوکھلا کرنا شروع کر دیا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے یہاں اپنے بچوں کی پرواہ نہیں کی۔ ان سیاسی پارٹیوں نے اپنے ہی بچوں کو پروموٹ کیا ہے اور آپ کو گمراہ کر کے اپنے خاندانوں کو فروغ دینے والی پارٹیاں مزے کر رہی ہیں۔ آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ یہاں 2000 کے بعد پنچایتی انتخابات نہیں ہوئے تھے۔