بھینسہ میں بڑا حادثہ ٹل گیا
پُل کے اوپر پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود طلبہ سے بھری بس کو عبور کرنے پر عوام میں برہمی
بھینسہ۔/18 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عصر حاضر میں اولیائے طلبہ اپنے نونہالوں کو معیاری تعلیم کیلئے خانگی مدارس میں داخل کراتے ہیں لیکن کچھ خانگی اسکول انتظامیہ اور خانگی اسکول بس ڈرائیورس کی حماقت و لاپرواہی کسی بھی والدین کیلئے صدمہ اور اپنے لخت جگر کی موت کا سبب بنتی ہے۔ اسی طرح کی لاپرواہی اور حماقت کا واقعہ بھینسہ شہر کے دو خانگی انگلش میڈیم مدارس کے بس ڈرائیورس کی جانب سے دیکھنے میں آیا۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف گزشتہ شب تیز بارش کی وجہ سے بھینسہ منڈل کے موضع مہا گاؤں اور گنڈے گاؤں میں رنگا راؤ بلسیکر پراجکٹ کا بیاک واٹر داخل ہوگیا اور موضع سے گنڈے گاؤں سے پارڈی بی کو جانے والے پُل کے اوپر سے پانی بہنا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے پارڈی بی، گنڈے گاؤں اور مہا گاؤں کی عوام کو بھینسہ آنے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا پیش آیا جس کی اطلاع پاکر سرکاری مشنری محکمہ مال اور محکمہ پولیس کافی متحرک ہوگئے اور مقام واقعہ پہنچ کر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ آتش فرو ( فائر انجن ) اور محکمہ صحت کے 108 کو طلب کیا کیونکہ عوام ندی کے پُل کو عبور کرنے کیلئے مدد کی منتظر دیکھی گئی۔ اسی اثناء میں بھینسہ شہر کے دو خانگی انگلش میڈیم مدارس شیوانی ہائی اسکول اور گوتمی ہائی اسکول کے خانگی بس میں طلباء و طالبات موجود تھے لیکن شیوانی اور گوتمی ہائی اسکولس کے بس ڈرائیورس نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز رفتاری کے ساتھ اسکول بسوں کو مذکورہ پُل کو عبور کرتے ہوئے گذر گئے جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ اور طلباء و طالبات کی زندگیوں کو خطرہ پیش آسکتا تھا۔ کیونکہ پُل کے اوپر سے پانی کا بہاؤ کافی تیز تھا۔ بعد ازاں بھینسہ تحصیلدار راجندر اور عملہ کے علاوہ رورل سب انسپکٹروں کو گنڈے گاؤں کے پُل عبور کرنے کیلئے مدد کی اور حالات پر نظر رکھ ہوئے ہیں۔ بھینسہ کے شیوانی ہائی اسکول اور گوتمی ہائی اسکول کے بس ڈرائیورس کی لاپرواہی اور حماقت کی ویڈیوز اور فوٹوز منظر عام پر آنے پر عوام میں کافی بے چینی اور مذکورہ اسکولوں کے انتظامیہ کے خلاف کافی برہمیو غصہ دیکھا جارہا ہے۔
