۔10 اسکولوں کے مینجمنٹس نے ڈائرکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے منعقد کی گئی ایک سماعت کے دوران زائد وصول کی گئی فیس کو ایڈجسٹ یا واپس کرنے کے لیے اپنی رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ کے خانگی اسکولس ، جنہوں نے کوویڈ 19 وباء کے دوران فیس سے متعلق حکومت کے حکم کی خلاف ورزی کی تھی ، اب تعلیمی سال 2020-21 کے لیے وصول کی گئی زائد فیس کو واپس کرنے یا اسے محسوب کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں ۔ خانگی اسکولس کے مینجمنٹس نے ڈائرکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے 10 خانگی اسکولس کے ساتھ منعقد کی گئی پرسنل ہیرنگ کے دوران اس کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے ۔ ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ’ اسکولس نے پرسنل ہیرنگ ( شخصی سماعت ) کرنے کے لیے کہا تھا ۔ ہم ہر طالب علم کی فیس تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ چنانچہ مینجمنٹس سے کہا ہے کہ 2020-21 کے لیے وصول کی گئی فیس کے اکاونٹس داخل کئے جائیں ۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ فیس کے مسئلہ پر کیا کیا جاسکتا ہے تو انہوں نے جاریہ تعلیمی سال کے باقی رہ گئے مہینوں کے لیے وصول کی گئی زائد فیس کو ایڈجسٹ کرنے یا فیس واپس کرنے ان کی رضا مندی کا اظہار کیا ۔ انہیں ایسا جنوری کے اختتام تک کرنے کے لیے کہا گیا ہے اور اس کی اطلاع والدین کو دی جائے ‘ ۔ کوویڈ 19 وبا کے پیش نظر ریاستی حکومت نے جی او نمبر 46 جاری کرتے ہوئے اسٹیٹ بورڈ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن آئی سی ایس ای اور دیگر انٹرنیشنل بورڈس سے ملحقہ تمام خانگی اسکولوں کو ہدایت دی تھی کہ تعلیمی سال 2020-21 کے دوران فیس میں اضافہ نہ کیا جائے ۔ انہیں اس بات کی بھی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ مزید احکام تک ماہانہ اساس پر صرف ٹیوشن فیس ہی چارج کریں ۔