خانگی اسکولوں کی من مانی فیس پر ہائی کورٹ کا سخت موقف

   

دہرادون، 23 ستمبر (یو این آئی) اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے خانگی اسکولوں کی من مانی فیس وصولی کے معاملے پر سخت رُخ اپنایا ہے ۔ عدالت نے مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کو ہدایت دی ہے کہ اس مسئلے کی بھرپور تشہیر و ترویج کی جائے اور اخبارات میں اس کی اشاعت کو یقینی بنایا جائے ، تاکہ متعلقہ خانگی اسکول عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کر سکیں۔ پہلے کی سماعت میں عدالت نے ریاست کے سبھی اسکول ایسوسی ایشن کو فریق بنانے اور ریاستی حکومت کو جواب داخل کرنے کا حکم دیا تھا، اس معاملہ کی اگلی سماعت 31 اکتوبر کو ہوگی۔ دہرادون کے وکیل جسوندر سنگھ نے مفاد عامہ کی یہ درخواست دائر کی ہے ۔ انہوں نے درخواست میں الزام لگایا ہے کہ دہرہ دون کے بعض نجی اسکول ٹیوشن فیس کے علاوہ داخلہ، یونیفارم، رجسٹریشن سمیت مختلف اضافی فیس وصول کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے 2017 میں مقرر کردہ معیارات کے مطابق اسکول، داخلے کے بعد دوبارہ ایڈمیشن فیس نہیں لے سکتے ۔