خانگی اسکولوں کے ٹیچرس اور ملازمین کو اپریل سے امدادی پیکیج

   

ضلع کلکٹرس کو فہرست تیار کرنے کی ہدایت، ریاستی وزراء کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد: چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ریاستی وزراء نے ضلع کلکٹرس اور محکمہ جات ، تعلیم ، سیول سپلائیز عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی ، وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر اور حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ مسلمہ خانگی اسکولوں کے تمام ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ماہانہ 2000 روپئے اور 25 کیلو فائن رائیس سربراہی کو یقینی بنائیں ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے خانگی ٹیچرس و ملازمین کیلئے پیکیج کا اعلان کیا ۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ خانگی ٹیچرس و اسٹاف کے بارے میں محکمہ تعلیم کے پاس موجود تفصیلات حاصل کرکے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں احتیاط سے کام لیں۔ تمام اضلاع کو لنک کے ذریعہ تفصیلی ڈاٹا 10 تا 15 اپریل کے درمیان اپ لوڈ کیا جائیگا ۔ تفصیلات اپ لوڈ کرنے کے بعد 16 تا 19 اپریل جانچ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی رقم 2000 روپئے 20 تا 24 اپریل ٹیچرس کے بینک اکاونٹ میں ڈپازٹ کی جائیگی۔ راشن شاپ سے انہی ایام میں چاول سربراہ کیا جائے گا۔ یہ اسکیم اسکولوں کی دوبارہ کشادگی تک جاری رہے گی۔ وزیر سیول سپلائیز نے کلکٹرس کو بتایا کہ ہر منڈل سطح پر چاول کا مناسب اسٹاک موجود ہے۔ کلکٹرس اس کو استفادہ کنندگان میں تقسیم کرسکتے ہیں۔ کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ راشن کارڈ نہ رکھنے والں پر حکمت عملی تیار کریں۔ تاہم کوئی مستحق محروم نہ ہونے پائے۔ راجیو شرما نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ فرنٹ لائین ورکرس کو ٹیکہ کی مہم آئندہ چار دن جاری رکھیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری چترا رام چندرن ، پرنسپل سکریٹریز کے رام کرشنا راؤ ، اروند کمار ، وکاس راج ، سکریٹری رضوی ، سندیپ سلطانیہ، راہول بوجا اور دیگر حکام شریک تھے۔