خانگی اور کارپوریٹ دواخانوں میں کورونا علاج کی شرحوں کا تعین

   

حکومت کے احکامات جاری ، مختلف معائنوں کیلئے بھی علحدہ شرحیں، خلاف ورزی پر کارروائی

حیدرآباد: کورونا کے علاج کے لئے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کی جانب سے من مانی فیس کی وصولی اور مریضوںکو مالی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج کے لئے شرحوں کا تعین کردیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں حکومت کو ہدایت دی تھی کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج کی شرحوں کا تعین کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچائیں۔ کورونا کے آغاز کے بعد سے کارپوریٹ ہاسپٹلس کی من مانی اور لوٹ کھسوٹ سے متعلق شکایات عام ہوچکی تھیں ۔ حکومت نے دواخانوں پر کنٹرول کرنے کیلئے عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی اور کئی کارپوریٹ ہاسپٹلس کو کورونا علاج سے متعلق اجازت نامے منسوخ کئے گئے ۔ باوجود اس کے ہاسپٹلس کے رویہ میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ آخر کار حکومت نے جی او آر ٹی 401 جاری کرتے ہوئے تمام خانگی دواخانوں اور لیباریٹریز میں علاج اور معائنوں کی شرحوں کا تعین کردیا ہے ۔ سکریٹری صحت سید علی مرتضیٰ رضوی کی جانب سے جاری کردہ جی او کے مطابق حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق چارجس کا تعین کیا گیا ہے۔ عام وارڈ میں آئیسولیشن کے لئے روزانہ 4000 روپئے مقرر کئے گئے ۔ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر کے بغیر آئسولیشن چارجس روزانہ 7500 روپئے رہیں گے جبکہ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر کے ساتھ آئسولیشن کے روزانہ 9000 روپئے وصول کئے جاسکتے ہیں۔ ان شرحوں میں ڈاکٹرس کی نگرانی کے علاوہ بعض ضروری معائنے شامل کریں گے جن میں سی بی سی ، یورین روٹین ، ایچ آئی وی اسپاٹ ، اینٹی ایچ سی وی ، سیرم کریاٹینن ، یو ایس جی ، ٹوڈی ایکو ، ای سی جی ، ایکسرے ، بیڈ چارجس ، ڈاکٹر کنسلٹیشن اور فوڈ شامل ہیں۔ مذکورہ شرحوں کا اطلاع ایسے مریضوں پر نہیں ہوگا جن کا علاج انشورنس اسکیم یا پھر ہاسپٹل سے کارپوریٹ کمپنیوں کے معاہدوں کے ذریعہ کیا جارہا ہے ۔ کورونا سے متعلق مختلف معائنوں کی شرحیں اس طرح ہیں۔
HRCT
1995 روپئے،
IL-6 1300
روپئے ، ڈیجیٹل ایکسرے 300 روپئے ،
D-DIMER 800 روپئے ،
CRP 500 روپئے ،
PROCALCITONIN 1400
روپئے ، FERRITIN 400
روپئے اور
LDH 140
روپئے ۔ حکومت نے ایمبولنس کی خدمات کیلئے بھی شرحوں کا تعین کیا ہے ۔ بنیادی لائیف سپورٹنگ سسٹم کے ساتھ ایمبولنس کا کرایہ فی کیلو میٹر 75 روپئے جبکہ اڈوانس لائیف سپورٹنگ سسٹم کے ساتھ فی کیلو میٹر 125 روپئے رہے گا۔ ایمبولنس کے اقل ترین چارجس بنیادی لائیف سپورٹنگ سسٹم کے ساتھ 2000 روپئے جبکہ اڈوانس لائیف سپورٹنگ سسٹم کے ساتھ 3000 روپئے رہیں گے ۔ تمام خانگی ہاسپٹلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوںکی گائیڈ لائینس پر سختی سے عمل کریں۔ احکامات میں مریضوں کے غیر ضروری معائنوں سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت کی شرحوں پر عمل آوری کے لئے ڈائرکٹر پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کو ذمہ داری دی گئی ہے۔