آر ٹی سی انتظامیہ اور کرایہ کے بس مالکین کے مذاکرات ثمر آور ، مسائل کا جائزہ لینے کمیٹی تشکیل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کرایہ کے بسوں کے مالکین اور آر ٹی سی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ثمر آور ثابت ہوئے جس کے بعد مالکین ہڑتال سے دستبردار ہوگئے ۔ 5 جنوری سے جوں کی توں بسیں چلائی جائیں گی ۔ اپنے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے آر ٹی سی میں کرائے کے بسیں چلانے والے مالکین نے 5 جنوری سے ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر آر ٹی سی انتظامیہ نے انہیں آج مذاکرات کے لیے طلب کیا تھا ۔ کرائے کے بسوں کے مالکین کے ایک وفد نے بس بھون پہونچکر ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر سے ملاقات کی اور مسائل پر مشتمل یادداشت پیش کی ۔ جس پر وزیر ٹرانسپورٹ نے ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں وفد نے منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی سجنار اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اپنے مسائل اور مطالبات پر تبادلہ خیال کیا ۔ فی الوقت تلنگانہ آر ٹی سی میں 2000 سے زائد خانگی بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سجنار نے بتایا کہ کرائے کے بسوں کے مالکین اور آر ٹی سی کے درمیان بات چیت کامیاب رہی ہے ۔ کئی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ انہوں نے اپنے مسائل کو ہمارے سامنے پیش کیا ہے ۔ ایک ہفتہ میں چند مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنے کا انہیں تیقن دیا گیا ہے اور ساتھ ہی مسائل کی یکسوئی کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5 جنوری سے کوئی ہڑتال نہیں رہے گی جوں کی توں بسیس چلائی جائیں گی ۔ سنکرانتی تہوار کے لیے بھی آر ٹی سی بسوں کی مفت خدمات جاری رہے گی ۔ اس کے علاوہ سنکرانتی تہوار کے لیے خصوصی بسیں بھی چلائی جائیں گی ۔ کرایہ کے بسوں کے مالکین کے وفد نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے 5 مسائل کو پیش کیا ہے ۔ سجنار نے ان مسائل کی یکسوئی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 10 جنوری تک مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ جس کے بعد ہم نے 5 جنوری سے شروع کرنے والی ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔۔ 2