خانگی جونیر کالجس کو داخلوں کی اجازت نہیں ‘ فیس کیلئے طلبہ پردباؤ نہ ڈالنے کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے تمام خانگی اور کارپوریٹ جونیر کالجس کے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ طلبہ سے فیس کی ادائیگی کیلئے اصرار نہ کریں۔ اس کے علاوہ تعلیمی سال 2020-21 کیلئے انٹر میڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی امتحانات ابھی مکمل نہیں ہوئے ہیں اور کالجس کو الحاق نہیں دیا گیا اور نہ ہی انہیں فرسٹ ایئر میں داخلوں کی اجازت ہے۔ عمر جلیل نے کہا کہ کالجس کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں انتظامیہ اور پرنسپلس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور کالج کی مسلمہ حیثیت مستقل ختم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔