خانگی دواخانوںمیں بھاری رقومات کی وصولی

,

   

ریاستی حکومت کو رپورٹ داخل کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے آج ریاستی حکومت کو خانگی ہاسپٹلس میں کورونا مریضوں سے بھاری رقومات کی وصولی کی شکایات پر رپورٹ داخل کرے ۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ میں ایک درخواست ایڈوکیٹ سری کشن شرما نے دائر کی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ دواخانوں میں حکومت کی مقررہ شرحوں سے زیادہ بلز وصول کئے جا رہے ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ ریاستی حکومت کو ایسے دواخانوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دے جہاں مریضوں سے بھاری رقومات حاصل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کو تمام مریضوں کے علاج اور ان کے بلز کے معاملہ میں شفافیت برتی جائے ۔ درخواست گذار نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ مہاراشٹرا حکومت نے کورونا علاج کے معاملے میں خانگی دواخانوں کیلئے اعظم ترین بل کی حد مقرر کردی تھی جبکہ تلنگانہ حکومت نے ایسا نہیں کیا تھا ۔ درخواست گذار نے کچھ مریضوں کے بلز کا حوالہ دیا اور الزام عائد کیا کہ خانگی کارپوریٹ دواخانے در اصل جبری وصولی کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس آر ایس چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل بنچ نے ریاستی حکومت کو جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ مرکزی حکومت اور خانگی دواخانوں کو بھی نوٹس جاری کی ۔ آئندہ سماعت 14 جولائی کو مقرر ہے ۔