متمول افراد سے قبل از وقت بستروں کی بکنگ پر حکومت کی حکمت عملی ، ویب سائیٹ پر تفصیلات فراہم کرنے کے اقدامات
حیدرآباد۔ دواخانوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی اورشہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے خانگی دواخانوں میں موجود بستروں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کروایا جاتا رہے گا۔ریاستی محکمہ صحت کے ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں موجودہ خانگی دواخانوں کے علاوہ ریاست کے اہم اضلاع کے خانگی دواخانوں میں موجود بستروں کی تفصیلات اور ان میں موجود مریضوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں عام کیاجائے گا اور یہ تفصیلات عوام کیلئے مسلسل دستیاب رہیں گی۔خانگی دواخانوں میں بستروں کی عدم موجودگی کی تفصیلات اور متمول افراد کی جانب سے دواخانوں میں بستر محفوظ کرنے کی شکایات کے عام ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے یہ حکمت عملی تیار کی جار ہی ہے اور کہا جارہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے دہلی
اور ممبئی میں جس طرح سے خانگی دواخانوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں اس کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور اسی طرز پر شہر حیدرآباد کے دواخانوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے خانگی دواخانوں میں بستروں کی موجودگی کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایات کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ حکومت سے ہدایات موصول ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس بات کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں کہ کس دواخانہ میں کتنے وینٹیلیٹر ‘ آکسیجن اور آئی سی یو کے علاوہ آئسولیشن بیڈ موجود ہیں اور ان میں کتنے مریض زیرعلاج ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے خانگی دواخانوں کی تفصیلات کو عام کرنے اور ان میں موجود بستروں کی تفصیلات سے شہریوں کو واقف کروانے کے علاوہ مریضوں کے پہنچنے پر ان کے داخلہ کے امور کو بھی درست کرنے کے اقدامات کی تیاری کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ شہر حیدرآباد میں ڈیاش بورڈ کے ذریعہ بستروں کی تفصیلات کی فراہمی کے ساتھ ایمرجنسی ہیلپ لائن کے آغاز اور خانگی دواخانوں کے متعلق شکایات کے لئے علحدہ سیل بنانے پر بھی غور کیا جانے لگا ہے ۔محکمہ صحت اعلی عہدیداروں کی نگرانی میں یہ امور طئے کرے گا۔
