خانگی دواخانوں میں ویکسین لگانے زیادہ رقم کی وصولی ، شہر میں تین دواخانوں کے لائسنس منسوخ

   

حیدرآباد :۔ مرکزی حکومت نے ملک میں خانگی ہاسپٹلس کے لیے کوویڈ ویکسینیشن کے لیے رقم مقرر کی ہے جب کہ شہر کے بعض دواخانوں میں اس انجکشن کے لیے لوگوں سے اس کے مقررہ رقم سے دو گنا رقم وصول کررہے ہیں ۔ شکایات موصول ہونے پر ڈائرکٹر پبلک ہیلت نے شہر میں تین خانگی دواخانوں کا کوویڈ ویکسینیشن لائسنس منسوخ کردیا ہے ۔ خانگی دواخانوں میں کوویڈ ویکسینیشن کے لیے لوگوں کو فی خوراک زیادہ سے زیادہ 250 روپئے ادا کرنے کی ضرورت ہے چونکہ اس میں 28 دن کے وقفہ سے دو خوراک لینے ہوتے ہیں اس لیے اس کی پوری قیمت 500 روپئے ہوگی لیکن یہ اطلاع ہے کہ شہر میں تین خانگی دواخانے اس کے لیے دو گنا رقم وصول کررہے ہیں ۔ فی الوقت ریاست میں 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور 45 تا 59 سال عمر گروپ کے مریضوں کو یہ ٹیکہ دینے کا عمل جاری ہے ۔ تمام گورنمنٹ ہاسپٹلس ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس ، سب ڈیویژنل ہاسپٹلس ، پرائمری ہیلت سنٹرس پر یہ ٹیکہ مفت دیا جارہا ہے ۔ اب ریاست میں 354 گورنمنٹ ہاسپٹلس اور 218 خانگی دواخانوں میں یہ ویکسین دیا جارہا ہے ۔ متوسط درجہ کے زیادہ تر لوگ گورنمنٹ ہاسپٹلس ہی میں یہ ویکسین لے رہے ہیں ۔ اس لیے حکومت چاہتی ہے کہ 20 بستروں سے زیادہ کے خانگی دواخانوں اور تمام پبلک ہیلت سنٹرس کو بھی ویکسینیشن لائسنس کیا جائے ۔ ریاست میں 100 سے زائد دواخانوں نے کوویڈ ویکسینیشن لائسنس کے لیے درخواست دی تاہم حکومت نے انہیں مقررہ رقم سے زیادہ رقم وصول کرنے کے خلاف انتباہ دیا ہے ۔ اگر کسی دواخانے میں اس کے لیے زیادہ رقم وصول کی گئی تو اس کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا ۔۔