خانگی دواخانوں میں کل سے کورونا مریضوں کے علاج کا آغاز

   

حیدرآباد۔8اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 10 اپریل سے خانگی دواخانوںمیں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج شروع کردیا جائے گا۔ریاستی وزراء مسٹر کے ٹی راما راؤ اور مسٹر ایٹالہ راجندر نے بھاسکر میڈیکل کالج سے منسلک دواخانہ میں موجود 50بستروں پر مشتمل سہولتوں کا معائنہ کیا اور بتایا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کے 22میڈیکل کالجس میں 10اپریل سے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی شروعات کردی جائے اور انہیں خانگی دواخانوں میں شریک کروانے کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی حکومت نے خانگی دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور عملہ کو سیفٹی کٹس کے علاوہ N-95 ماسک اور ادویات فراہم کرے گی اور انہوںنے کالجس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کالجس میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے علاوہ جونیئر ڈاکٹرس کو رخصت نہ دیں اور انہیں لازمی خدمات کے متعلق واقف کروائیں۔ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ تمام خانگی میڈیکل کالجس سے منسلک کالجس میں کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کی سہولتوں اور خدمات کا جائزہ لینے کے لئے وائس چانسلر کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی پروفیسر روناکر ریڈی کی زیر قیادت کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔